اسلام آباد(چیغہ نیوز )وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان اور آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کی تصدیق کردی۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس وقت ہم نے حکومت سنبھالی تو تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی تھیں جبکہ مہنگائی بھی بہت زیادہ تھی مگر آج عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، میں غلط بیانی نہیں کروں گا اور وعدے کے مطابق قوم کو کمی کا ایک ایک پیسہ واپس پہنچاؤں گا۔
’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی‘
انہوں نے اعلان کیا کہ ڈیزل کی مد میں 40 روپے 54 پیسے جبکہ پیٹرول کی مد میں 18 روپے پچاس پیسے کی کمی جارہی ہے، جس کا اطلاق 14 جولائی کی رات بارہ بجے سے ہوگا۔
اس ضمن میں وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 33 روپے 81 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 34 روپے 71 پیسے کمی کردی گئی ہے۔
کمی کے بعد نئی قیمتیں
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق حالیہ کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 230 روپے 24 پیسے، ڈیزل 236 روپے، مٹی کا تیل 196 روپے 45 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 191 روپے 44 پیسے ہوگی۔
’ہمیں سر منڈواتے ہی اولے پڑے‘
شہباز شریف نے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے جو سخت معاہدہ کیا تھا اسے جاتے ہوئے تہس نہس کر دیا، جب ہم آئے تو مہنگائی عروج پر تھی اور تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، ہمیں سر منڈواتے ہی اولے پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا کام ہماری مشکلات کو بڑھانے کے لیے کیا کیونکہ اس کے لیے خزانے میں پیسے نہیں تھے، ہمیں تباہ معیشت کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی وجہ سے بڑا خسارہ بھی ملا، پھر ہم نے دل پر پتھر رکھ کر مشکل فیصلے کیے اور اللہ کے کرم سے اب ہم آہستہ آہستہ مشکل دور سے نکل رہے ہیں۔
’آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پاچکا‘
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے طے پاچکا ہے، جس کا سہرا وزیر خزانہ اور اُن کی ٹیم کو جاتا ہے، مگر کچھ قومیں ایسی بھی تھیں جنہوں نے سالوں پہلے آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرلیا، ہماری دعا اور خواہش یہ ہے کہ یہ ہمارا بھی آخری معاہدہ ہو اور پھر ہم خود اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش کریں اور خود کفیل ہوجائیں مگر اس کے لیے تھوڑا مشکل راستہ طے کرنا اور اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنا ہوگا کیونکہ خود انحصاری واحد راستہ ہے جو قوموں کو عزت اور وقار سے ہمکنار کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جو قومیں تباہ ہوگئیں تھیں انہوں نے مشکل وقت گزار اور آج وہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے آسمان تک پہنچ گئیں ہیں، ہم بھی اگر شبانہ روز محنت کریں تو انشاء اللہ مسائل حل ہوجائیں گے، اتحادی حکومت مل کر پاکستان کو درست سمت میں تیزی سے لے کر جارہی ہے، آپ یقین رکھیں کہ اچھا وقت ضرور آئے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا ہے جس کی وجہ عالمی منڈی میں گرتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
0 coment rios: