"اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو فوج تباہ ، نیوکلیئر پروگرام ختم، پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے" عمران خان کا دعویٰ

photo:file 

 

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک دیوالیہ کے قریب ہے اور اگر  اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو فوج تباہ ہوجائے گی ، اس کے بعد نیوکلیئر پروگرام ختم کروایا جائے گا اورپاکستان کے تین ٹکڑے کردیے جائیں گے


نجی ٹی وی بول نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر اس وقت اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو لکھ کر دیتا ہوں کہ یہ بھی تباہ ہوں گے، فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی، اس وقت ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، روپیہ گر رہا ہے اور سٹاک مارکیٹ نیچے جا رہی ہے ، اگر ملک دیوالیہ ہوگیا تو کیا ہوگا؟ سب سے پہلے فوج ہِٹ ہوگی


انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے بعد سب سے پہلے فوج کو ٹارگٹ کیا جائے گا اور پھر اس کے بعد ہم سے وہی کروایا جائے گا جو یوکرین سے کروایا گیا، ہمیں ڈی نیوکلیئرائز کیا جائے گا۔ پاکستان واحد مسلمان ملک ہے جس کے پاس نیوکلیئر ہتھیار ہیں، اگر پاکستان کی ایٹمی قوت ختم ہوئی تو اس کے تین حصے ہوں گے، یہ پہلے سے پلان بنے ہوئے ہیں، انڈیا کا کوئی بھی تھنک ٹینک اٹھا کر دیکھ لیں وہ پاکستان کے ٹکڑے کرنے کے منصوبے تیار کرکے بیٹھے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جس نے بھی سازش کرکے ہمیں ہٹایا یہ امریکہ کی ہر قسم کی غلامی کریں گے، امریکہ، انڈیا اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہے، اسرائیلی اور انڈین لابی امریکہ میں مل کر کام کرتی ہے، یہ لوگ ہمیں غلام بنا رہے ہیں،میرے جانے پر ہندوستان میں کیوں خوشیاں منائی گئیں؟ کیونکہ میں آزاد خارجہ پالیسی چاہتا ہوں جب کہ یہ امریکہ کی ہر قسم کی بات مانیں گے۔




SHARE THIS

Copy Url

Author:

HELPER NETWORK is a blog provide blogger templates for free Read More

0 coment rios: